نیویارک ،13؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا)نیویارک کے ایک ارب پتی شخص نے آئس کریم چوری کرنے والوں کی خبر دینے پر انعام دینے کا اعلان کیا ہے۔گراسری سٹور کے مالک اور مئیر کے لیے سابق امیدوار ارب پتی جان کیٹسی میٹیڈس نے ٹوئٹر پر کہا کہ جو کوئی آئس کریم چوروں کی خبر دے گا وہ اسے 5,000ڈالر انعام دیں گے۔انھوں نے نیویارک پوسٹ نامی اخبار کو بتایا چور ان کے سٹور سے آئس کریم کی پیٹیاں چراتے ہیں اور انھیں چھوٹی دکانوں پر بیچ دیتے ہیں۔اخبار کے مطابق پولیس کو آئس کریم چوری کی 250شکایات موصول ہوئی ہیں جس کے بعد 130افراد کو گرفتار کیا گیا۔کیٹسی میٹیڈس کا کہنا ہے کہ چھوٹی دکانوں کے مالکان ان چوروں کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔انھوں نے اپنے ایک سٹور میں ہونے والی ایک چوری کا ذکر کرتے ہوئے بتایا کہ چیلسی میں موبائل فون سے چوروں کی واردات کے دوران فلم بنائی گئی۔ایک مرد اور ایک عورت نے آئس کریم کے 80ڈبے تھیلوں میں ڈالے اور بھاگ کھڑے ہوئے تاہم پولیس کے مطابق سٹور کے ملازمین کا پیچھا کرنے پر وہ یہ تھیلے راستے میں چھوڑ کر فرار ہو گئے۔شہر کے حکام کا کہنا ہے کہ ایسی آئس کریم کی فروخت صحت کے لیے بھی خطرہ ہے کیونکہ دودھ سے بنی ہوئی اشیا اگر فریزر سے باہر رکھی جائیں تو وہ جراثیم سے آلودہ ہو جاتی ہیں۔نیویارک میں اس وقت گرمی کی لہر جاری ہے جو آئندہ کئی روز تک جاری رہے گی۔ امکان ہے کہ درجۂ حرارت 43ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ جائے گی۔